راولپنڈی (این این آئی) ترجمان پاک فوج نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے انٹلیجنس ایجنسی کے اعلی افسر پر الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدنیتی پر مبنی من گھڑت الزام انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے
جھوٹے الزامات کا سلسلہ بند کیا جائے ، پاک فوج بدنیتی پر مبنی بیانات اور پراپیگنڈہ کیخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے حاضر سروس سینئر فوجی افسر کے خلاف بغیر کسی ثبوت کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزام عائد کیا، یہ بدنیتی پر مبنی من گھڑت الزام انتہائی افسوسناک ، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے وطیرہ رہا ہے کہ فوج اور انٹلیجنس ایجنسیوں کے افسران کو سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے اشتعال انگیز پراپیگنڈہ کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سیاسی رہنماء سے کہتے ہیں کہ وہ جھوٹے الزامات لگانے کا سلسلہ بند کریں اور قانونی راستہ اختیار کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ جھوٹے اور بدنیتی پر مبنی بیانات اور پراپیگنڈہ کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔