لندن (نیوزڈیسک) انگلش چیف سلیکٹر جیمز وٹکرنے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف مختلف چیلنج کا سامنا ہوگا ، ظفر انصاری کی صلاحیتوں نے ہمیں متاثر کیا، امید ہے بہتر ین کار کر دگی کا مظاہرہ کرینگے ? ایلکس ہیلز نے فرسٹ کلاس میں ناٹنگھم شائر کیلئے بہت زیادہ رنز اسکور کیے، ہماری ٹیسٹ ٹیم میں جگہ پانے کے مستحق تھے۔ایک انٹرویومیں انگلش چیف سلیکٹر جیمز وٹکر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اپنے مختلف چیلنج کا سامنا ہو گا اور ہمارے اسکواڈ کی تشکیل اس بات کی عکاس ہے کہ ہمیں متحدہ عرب امرات میں کس طرح کی کنڈیشنز کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ظفر انصاری کی صلاحیتوں نے ہمیں متاثر کیا اور ڈومیسٹک سطح پر بیٹ اور بال سے شاندار کارکردگی کے بعد ہمیں امید ہے کہ وہ معین اور عادل سخت مسابقت دیں گے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ ،چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 13 اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے ہو گا۔