لندن(نیوز ڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی انگلینڈ میں سابق برطانوی فوجیوں کی امداد کے لیے ہونے والے چیریٹی میچ ”کرکٹ فار ہیروز“ میں شرکت کریں گے جس میں ان کے ساتھ کرکٹ کی دنیا کے متعدد موجودہ اور سابق نامور کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔ برطانوی چیریٹی تنظیم ”ہیلپ فار ہیروز“ کے لیے ہونے والا یہ میچ اوول کے گراو¿نڈ میں کھیلا جائے گا جس میں شاہد آفریدی کے ساتھ ساتھ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور وریندر سہواگ بھی شرکت کریں گے۔ ہیلپ فار ہیروز کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں جنوبی افریقا کے ہرشل گبز،آسٹریلیا کے ڈیمیئن مارٹن، انگلش ٹیم کے گریم سوان اور ڈیرن گف اور دیگر شامل ہیں جب کہ ٹیم کی قیادت سابق انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس کریں گے۔ہیروزالیون کا مقابلہ ریسٹ آف ورلڈ الیون سے ہو گا جس کی قیادت کیوی کپتان برینڈن میک کولم کریں گے جب کہ ٹیم میں میتھیوز ہیڈن، مہیلا جے وردنے، برائن لارا، ڈینیئل ویٹوری اور گریم اسمتھ جیسے سابق سپرسپراسٹارشامل ہیں۔ میچ کا مقصد برطانوی فلاحی تنظیم کے لیے امداد جمع کرنا ہے جومیدان جنگ میں برطانیہ کی فوج کے زخمی ہونے والے اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کی مدد کرتی ہے جب کہ میچ کی آمدنی کا 30 فیصد حصہ کھلاڑیوں کی اجازت سے بیرون ملک فلاحی منصوبوں کے لیے دیا جائے گا۔