اسلام آباد(اے پی پی)موسمیاتی تجزیہ کاروں کی پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں 28اپریل سے 5 مئی کے دوران بارش برسانے والا سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے جو 2023 کا اب تک کا سب سے مضبوط بارشوں کا سسٹم ہو سکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ کچھ دن ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف، موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم 28 اپریل سے بارش برسانے والا سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے ۔ پنجاب کے 90 فیصد علاقوں میں کہیں تیز کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، پنجاب کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، اسی طرح بلوچستان کے 80 سے 90فیصد علاقوں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کاخطرہ ہے۔ موسیمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق مطابق خیبر پختونخوا کے 90 فیصد علاقوں میں اس سسٹم کے زیرِ اثر بارش کا امکان ہے، صوبے کے مختلف مقامات پر آندھی، ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔کراچی میں 28 اپریل کی رات سے اس سسٹم کے اثر انداز ہونے کا امکان ہے، مئی کے پہلے ہفتے میں اس سسٹم کی شدت زیادہ رہ سکتی ہے اور کراچی میں کہیں ہلکی کہیں تیز اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ میں کہیں تیز کہیں موسلادھار بارش، کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، تھنڈر سٹورم بننے پر آندھی اور بجلی گرنے کا بھی خدشہ رہے گا۔