لندن(نیوز ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عمران فاروق کے لندن میں قتل کو 5برس مکمل ہوگئے ، تاہم قاتل اب تک گرفتار نہیں کیے جاسکے ہیں۔میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ قتل کی تفتیش کے سلسلے میں جو شخص بھی مدد کرسکے، وہ رابطہ کرے۔عمران فاروق قتل کے 5برس مکمل ہونے پر میٹروپولیٹن پولیس لندن سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قتل کی تفتیش کے سلسلے میں اب تک ساڑھے 4 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے جبکہ ساڑھے 7 ہزار سے زائد دستاویزات کا معائنہ اور جانچ پڑتال کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق دوران تفتیش 4 ہزار سے زائد اشیا کو قبضے میں بھی لیا گیا ہے۔