راولپنڈی(نیوزڈیسک)قومی ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2015کا ٹائٹل ایک سنسنی خیز مرحلے کے بعد پشاور ریجن کی ٹیم نے اپنے نام کر لیا،فائنل میں اس نے کراچی ریجن(بلیوز)کی ٹیم کو 7وکٹ سے شکست دیکر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔کراچی بلیوز اور پشاور ریجن کی ٹیموں کے درمیان پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے فائنل میچ میںپشاور ریجن کی ٹیم کے کپتان زوہیب خان نے ٹاس جیت کرپہلے کراچی بلیوز کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی بلیوز کی پہلی وکٹ ایک رنز پر گر گئی جب شاہ زیب حسن بغیر کوئی رنز بنائے عمران خان (سینئر) کا شکار بنے ،دوسری وکٹ 53رنز کے مجموعی سکور پر گری جب خالد لطیف 23رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ،تیسری وکٹ 83رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی،خرم منظور41رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے ،چوتھی وکٹ 95رنز پر گر گئی ،اسد شفیق 19رنز بنا سکے،پانچویں وکٹ 105کے مجموعی سکور پر گر گئی ،شاہد آفریدی 15رنز بنا کر آوٹ ہو گئے،چھٹی وکٹ کی شراکت میں36 رنز بنے ،چھٹی وکٹ 141رنز کے مجموعی سکور پر گری جب فواد عالم بھی 19رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے،ساتویں وکٹ 168کے مجموعی سکور پر گر گئی جب انور علی صرف 7رنز بنا کر آوٹ ہوگئے ،آٹھویں وکٹ 173کے مجموعی سکور پر گری جب رومان رئیس بغیر کوئی رنز بنائے رن آوٹ ہو گئے،کراچی بلیوز کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں8 وکٹ پر177 رنز بنائے،سرفراز احمد نے آوٹ ہوئے بغیر 47رنز کی اننگز کھیلی۔پشاورکی طرف سے عمران خان (جونیئر) نے 26رنز کے عوض 3،عمران خان (سینئر)نے2جبکہ زوہیب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔پشاور کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 48رنز بنائے،اس موقع پر رفعت اللہ مہمند 43رنز بنا کر آوٹ ہو گئے،دوسری وکٹ 55رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب اسراراللہ 9رنز بنا کر آوٹ ہو گئے،تیسری وکٹ 66کے مجموعی سکور پر گر گئی جب مصدق احمد صرف4رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،پشاور کے کھلاڑیوں محمد رضوان اور افتخار احمد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 71گیندوں پر ناقابل شکست 111رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔پشاور کی ٹیم نے 18.5اوورزمیں اپنا ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، محمد رضوان نے آوٹ ہوئے بغیر34گیندوں پر7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58رنز جبکہ افتخار احمد نے آوٹ ہوئے بغیر 40گیندوں پر2چوکوںاور4چھکوں کی مدد سے57رنز بنائے۔کراچی بلیوز کی طرف سے شاہد آفریدی،انور علی اور عبد الامیر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔پشاور کے محمد رضوان کو ان کی شاندار ناقابل شکست اننگز پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔