سویڈش ایمبیسی کی ویب سائٹ پر آویزاں نوٹس گمراہ کن قرار،پاکستان نے معاملہ سفیر کے سامنے اٹھا دیا
اسلام آباد (این این آئی)سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید نے کہا ہے کہ سویڈش ایمبیسی کی ویب سائٹ پر آویزاں نوٹس گمراہ کن ہے، اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورتحال معمول پر ہے،حکومت اسلام آباد میں تمام سفارتی مشنز کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید سے سویڈن کے سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں سفارتخانے کی بندش سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں شخصیات کی ملاقات میں زائرین کے لیے سویڈن کے سفارت خانے کی عارضی بندش پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سیکرٹری خارجہ نے سویڈن کے سفیر پر زوردیا کہ پاکستانی طلبا کو ہر ممکن حد تک سہولت فراہم کی جائے۔دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے سفیر کو بتایا کہ سویڈش ایمبیسی کی ویب سائٹ پر آویزاں نوٹس گمراہ کن ہے، اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورتحال معمول پر ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اسد مجید نے سویڈش سفیر کو بتایا کہ حکومت پاکستان اسلام آباد میں تمام سفارتی مشنز کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔