بیجنگ (این این آئی )چین نے اروناچل پردیش پراپناخودمختارعلاقہ ہونے کے دعوے کااعادہ کرتے ہوئے اس کو زنگنان کا نام دے دیا ہے،اس کے ایک دن بعد بھارت نے بیجنگ کی جانب سے اپنے علاقے کے کچھ حصوں کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کو مسترد کردیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق چین نے بھارت کی شمال مشرقی ریاست کا نام تبدیل کرنے پر تبصرہ ایک باقاعدہ پریس کانفرنس میں کیا تھا اور اس کی وزارت خارجہ کے ترجمان ما نِنگ نے کہاکہ زنگنان (اروناچل پردیش)چین کے علاقے کا حصہ ہے۔ترجمان کے مطابق ریاستی کونسل کی جغرافیائی ناموں کی انتظامیہ کی متعلقہ شرائط کے مطابق چینی حکومت کے مجازحکام نے زنگنان کے کچھ حصوں کے ناموں کو معیاری بنایا اوریہ اقدام چین کے خودمختارانہ حقوق کے تحت آتاہے۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے اروناچل پردیش کوبھارت کا داخلی حصہ اور اٹوٹ انگ قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ چین نے ریاست کے کئی مقامات کے نام تبدیل کر دئیے۔ادھر واشنگٹن میں ایک میڈیا بریفنگ میں امریکی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر نے چین کے دعوے پر بائیڈن انتظامیہ کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم علاقوں کے نام تبدیل کرکے علاقائی دعوئوں کو آگے بڑھانے کی کسی بھی یک طرفہ کوشش کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔