اسلام آباد/نئی دہلی(پی پی آئی)بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ غیر فعال کردیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی واضح وجوہات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔بھارتیمیڈیاکے مطابق حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ کو کچھ قانونی تقاضوں کی وجہ سے غیر فعال کیاگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں اب ٹوئٹر پر حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ کا وزٹ کیا جائے تو وہاں ایک نوٹس درج دکھائی دیتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’بھارت میں اس اکاونٹ کو قانونی تقاضوں کی وجہ سے غیر فعال کیا گیا ہے‘۔ٹوئٹر اپنے ضوابط کے تحت پابند ہے کہ عدالتی حکم جیسے کسی جائز قانونی مطالبے کی صورت میں وہ اس ملک میں ٹوئٹر اکاوٹ معطل کرسکتا ہے۔بھارتی میڈیاکے مطابق یہ پہلی بار نہیں ہے جب پاکستانی اکاونٹ بھارت میں بلاک کیا گیا ہو گزشتہ سال بھارت میں ٹوئٹر پر اقوام متحدہ، ترکی، ایران اور مصر میں پاکستانی سفارت خانوں کے آفیشل اکاونٹس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔اس کے علاوہ اگست میں 8 یوٹیوب نیوز چینلز کو بلاک کر دیا گیا تھا جس میں سے ایک پاکستان سے آپریٹ کیا جا رہا تھا،یاد رہے کہ اب تک مودی حکومت کی جانب سے 100 سے زائد یوٹیوب چینلز، 4 فیس بک پیجز، 5 ٹوئٹر اکاونٹس اور 3 انسٹاگرام اکاونٹس کو بلاک کیا جا چکا ہے۔ حکومت پاکستان کا اکاونٹ امریکا اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں فعال ہے۔اس سلسلے میں ٹوئٹر کے ساتھ ساتھ بھارت اور پاکستان کی آئی ٹی وزارتوں نے تاحال کوئی بیان نہیں دیا۔پی پی آئی کے مطابق یاد رہے کہ گزشتہ سال 29 ستمبر کو پی ایف آئی کا ٹوئٹر اکاوٹ بھارت میں بلاک کر دیا گیا تھا۔