اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح کراچی میں رہی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 30.83 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 13.05 فیصد، اسلام آباد میں 10.75 فیصد اور حیدر آباد میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.68 فیصد ریکارڈ ہوئی۔اس کے علاوہ راولپنڈی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.84 فیصد اور پشاور میں 7.49 فیصد ریکارڈ ہوئی جبکہ فیصل آباد میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 5.46 فیصد رہی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میر پور آزاد کشمیر میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 5.95 فیصد اور مظفر آباد میں 4.55 فیصد ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے شادی ہالز اور ریسٹورینٹس سمیت جلسے جلوسوں پر بھی پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا مثبت کیسزکی شرح بھی بڑھ رہی ہے جس کے باعث اسپتالوں پر کسی بھی وقت دباؤ پڑ سکتا ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ اومی کرون کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور کراچی میں کورونا مثبت کیسزکی شرح بھی بڑھ رہی ہے جس کے باعث ہسپتالوں پر کسی بھی وقت دباؤ پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کوروناکی چارلہروں میں سختی نہیں کی تاہم اب سختی کرنا ہوگی جس کے لیے شادی ہالز، ریسٹورینٹس اور جلسے جلوسوں کو بند کرنا ہوگا۔