لاہور (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کے لئے ٹکٹس کا فیصلہ میں خود کروں گا اور صرف پارٹی سے مخلص امیدواروں کو ٹکٹس دیئے جائیں گے،آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہا ہوں کیونکہ قانون کی حاکمیت کے بغیر ترقی کا کوئی وجود نہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کیلئے مشاورت کا آغاز کر دیا۔اس حوالے سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی جس میں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد کی صورتحال اور خیبرپختونخوا میں ٹکٹس کی تقسیم کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی طور پر مشاورت کی گئی۔عمران خان نے صوبائی تنظیم کے عہدیداران کو جلد شاٹ لسٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات کیلئے ٹکٹس کا فیصلہ میں خود کروں گا، صرف ان امیدواروں کو ٹکٹس دیئے جائیں گے جو پی ٹی آئی کے ساتھ مخلص ہیں اور میرٹ پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں عمران خان سے سینئر وکلاء کے وفد نے بھی انکی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی۔اس موقع پر ملک کی سیاسی و آئینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہا ہوں کیونکہ قانون کی حاکمیت کے بغیر ترقی کا کوئی وجود نہیں ہے۔