اسلام آباد (نیوز ڈ یسک )قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی اچھی ثابت نہ ہوسکی،
دوسری اننگز میں وکٹ گنوانے کے بعد ان کے غصے کا اظہار کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق قائداعظم ٹرافی گولڈ 2026-27 کے ایک مقابلے میں بابر اعظم دونوں اننگز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ پہلی اننگز میں متنازع انداز میں آؤٹ ہونے کے بعد دوسری اننگز میں بھی وہ صرف 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دوسری اننگز میں جلد وکٹ گرنے پر بابر اعظم اپنی مایوسی پر قابو نہ رکھ سکے اور غصے کی حالت میں اپنا بیٹ پچ پر دے مارا۔ ان کے اس ردعمل کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد کرکٹ حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے۔حالیہ عرصے میں خراب فارم کے باعث پہلے ہی تنقید کی زد میں رہنے والے بابر اعظم کے اس رویے پر سوشل میڈیا صارفین کی آرا تقسیم دکھائی دے رہی ہیں۔ کچھ شائقین نے اسے کھیل کے دباؤ اور مایوسی کا فطری اظہار قرار دیا، جبکہ دیگر نے سینئر کھلاڑی سے زیادہ ذمہ دارانہ رویے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے تنقید کی ہے۔



















































