اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض کو قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کر دیا۔ذرائع کے مطابق، وہاب ریاض گزشتہ چند ہفتوں سے پاکستان ویمن کرکٹ ڈپارٹمنٹ کے ساتھ کام کر رہے تھے، جس کے بعد انہیں باقاعدہ طور پر ویمن ٹیم کا کنسلٹنٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وہاب ریاض عارضی بنیادوں پر ویمن ٹیم کے معاملات سنبھالیں گے اور ڈائریکٹر ویمن کرکٹ کے ہمراہ مستقبل کی حکمتِ عملی پر کام کر رہے ہیں۔
ادھر اطلاعات کے مطابق، ویمن ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں اور امکان ہے کہ سابق کرکٹر عمران فرحت کو بھی ٹیم کے کوچنگ عملے میں شامل کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی جلد ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ اور مکمل سپورٹ اسٹاف کا باضابطہ اعلان کرے گا۔یاد رہے کہ محمد وسیم کی مدتِ ملازمت ختم ہونے کے بعد ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ کچھ عرصے سے خالی ہے۔















































