اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھارت میں جاری آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے دوران آسٹریلوی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والے نازیبا واقعے پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔دو روز قبل بھارتی شہر اندور میں پیش آئے اس واقعے میں ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے آسٹریلیا کی دو ویمن کرکٹرز میں سے ایک کے ساتھ نامناسب حرکت کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں کھلاڑی اپنے ہوٹل سے کیفے ٹیریا جا رہی تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، آسٹریلوی کھلاڑیوں نے فوراً یہ واقعہ اپنی ٹیم کے سیکیورٹی افسر کو اطلاع دی، جس کے بعد سیکیورٹی ٹیم نے مقامی پولیس سے رابطہ کیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی، جبکہ ایک عینی شاہد کی جانب سے موٹر سائیکل کا نمبر نوٹ کیے جانے پر ملزم کو جلد گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ویمنز ورلڈ کپ کے دوران پیش آنے والا افسوسناک اور قابلِ شرم واقعہ قرار دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق، بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائقیا نے بیان دیا کہ یہ ایک انفرادی نوعیت کا واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایسے واقعات کے لیے ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مدھیہ پردیش پولیس کی بروقت کارروائی اور ملزم کی گرفتاری قابلِ تحسین ہے، اور قانون کے مطابق اسے سزا دی جانی چاہیے۔ مزید یہ کہ بی سی سی آئی سیکیورٹی کے موجودہ انتظامات کا ازسرِنو جائزہ لے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔















































