دبئی (اسپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ کی اختتامی تقریب ایک منفرد تنازع کا شکار ہو گئی، جب فاتح بھارتی ٹیم کو نہ ٹرافی دی گئی اور نہ ہی میڈلز۔ تقریب اچانک ختم کر دی گئی اور ٹرافی ایونٹ کی انتظامیہ اپنے ساتھ لے گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق بھارتی کھلاڑی گراؤنڈ میں کھڑے ٹرافی کا انتظار کرتے رہے، مگر طے شدہ روایت کے برعکس نہ ٹرافی دی گئی اور نہ ہی “چیمپئنز بورڈ”۔ مجبوراً بھارتی کھلاڑیوں نے بغیر ٹرافی اور بورڈ کے ہی تصاویر کھنچوائیں۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی بورڈ اور کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی اس صورتحال کی اصل وجہ بنی۔ بھارتی ٹیم نے صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا، جس پر اے سی سی صدر نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ٹرافی دینے سے گریز کیا۔ اس کشمکش کے باعث دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب میں نمایاں تاخیر ہوئی اور بعد میں اچانک تقریب ختم کر دی گئی۔
تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے اعلان کیا کہ انہیں اے سی سی کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی نہیں لے گی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے کھیل کے جذبے (اسپورٹس مین اسپرٹ) کے برعکس رویہ اپنایا۔ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا اور فائنل سے قبل بھارتی کپتان نے روایتی طور پر پاکستانی کپتان کے ساتھ تصویر کھنچوانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔