اسلام آباد (نیوز ڈیسک)دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا اور بھارت کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا جو مقررہ اوورز میں ٹائی ہوگیا اور فیصلہ سپر اوور پر جا پہنچا۔بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اتنے ہی رنز بنائے اور میچ برابر ہوگیا۔سپر اوور میں سری لنکا نے آغاز کیا لیکن اوپنر کوشل پریرا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
بعدازاں کپتان داسن شناکا کے خلاف ارشدیپ سنگھ کی گیند پر کیچ کی اپیل ہوئی جس پر امپائر نے آؤٹ قرار دیا، تاہم ریویو لینے پر یہ فیصلہ واپس ہوگیا کیونکہ گیند بلے سے نہیں لگی تھی۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ اس دوران رن آؤٹ کی نوبت آنے کے باوجود بیٹر بچ نکلے، کیونکہ اصل فیصلہ کیچ پر دیا گیا تھا۔سری لنکا سپر اوور میں صرف 2 رنز ہی بنا سکا، جس کے جواب میں بھارت نے آسانی سے 3 رنز مکمل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔