اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی جمائمہ روڈریگس نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے جس میں ویرات کوہلی، انوشکا شرما، اسمرتی مندھانا اور وہ خود شامل تھیں۔ایک انٹرویو میں جمائمہ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے ایک ہوٹل کے کیفے میں ان کی ملاقات ویرات کوہلی اور انوشکا شرما سے ہوئی۔ اسی ہوٹل میں بھارتی مرد و خواتین کرکٹ ٹیمیں مقیم تھیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اور اسمرتی مندھانا ویرات کوہلی سے بیٹنگ کے بارے میں کچھ مشورے لینا چاہتی تھیں۔
اسی دوران انوشکا شرما بھی محفل میں شامل ہوگئیں اور پھر یہ ملاقات ایک طویل نشست میں بدل گئی۔جمائمہ کے مطابق: “پہلے آدھے گھنٹے تک بات صرف کرکٹ پر رہی اور ویرات بھائی نے ہم سے کہا کہ آپ دونوں میں خواتین کرکٹ کو نئی سمت دینے کی صلاحیت ہے۔”انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہی اور اس دوران بات چیت کرکٹ سے ہٹ کر زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بھی ہوئی۔ آخر میں کیفے کے عملے نے زیادہ وقت گزرنے پر مؤدبانہ طور پر ان سے جگہ خالی کرنے کی درخواست کر دی۔خاتون کھلاڑی نے ہنستے ہوئے کہا کہ ہم سب باتوں میں اتنے مگن تھے کہ وقت کا اندازہ ہی نہیں ہوا اور یوں ہمیں کیفے سے باہر آنا پڑا۔