کراچی(این این آئی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم میں سلیکٹ نہ کرنے پر ڈیرہ مراد جمالی کے کرکٹر تیمور علی نے پی سی بی کیخلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔وکیل درخواست گزار کے مطابق تیمور علی پاکستان کے بہترین فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں، ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہترین پرفارمنس رہی ہے۔وکیل کے مطابق ورلڈکپ کیلئے سلیکٹ کھلاڑیوں کا پرفارمنس ریکارڈ درخواست گزار سے انتہائی کم ہے۔
تیمور علی نے امتیازی سلوک کیخلاف پی سی بی میں سیکشن 37 کے تحت اپیل دائر کی ہے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پی سی بی نے تاحال درخواست گزار کی اپیل پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، پی سی بی کو تیمور علی کی اپیل پر فیصلہ کرنے کاحکم دیا جائے۔جسٹس عدنان اقبال کا کہنا تھا کہ کیا سندھ ہائیکورٹ پی سی بی کیخلاف کرکٹرکی درخواست سننے کی مجازہے؟ وکیل نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا کی درخواست پر اعلیٰ عدالتوں نے فیصلے جاری کر رکھے ہیں۔عدالت نے درخواست گزار وکیل سے کرکٹر سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کی نقول طلب کرلیں، سند ھ ہائیکورٹ نے سماعت دو روز کے لیے ملتوی کردی۔