اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی، جو کہ گرین شرٹس کے خلاف 34 سال بعد ان کی پہلی ون ڈے سیریز جیت ہے۔میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم میزبان ٹیم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز اسکور کیے۔ کپتان شائی ہوپ نے 94 گیندوں پر 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ جسٹن گرووز نے 24 گیندوں پر ناقابلِ شکست 43 رنز بنائے۔
ایون لوئس نے 37 اور روسٹن چیز نے 36 رنز کا اضافہ کیا۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 72 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے 34 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب نے ایک ایک شکار کیا۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز بنا کر 30ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔ صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا 30، محمد نواز 23 (ناٹ آؤٹ)، حسن نواز 13، بابر اعظم 9، نسیم شاہ 6 اور حسین طلعت ایک رن ہی بنا سکے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 18 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، گوڈاکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔یہ شاندار فتح ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان کے خلاف تین دہائیوں سے زائد عرصے بعد ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز لے کر آئی۔