اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں پاکستانی مداح کو اسٹیڈیم سے باہر نکالنے کے واقعے پر انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب لنکا شائر نے باضابطہ معذرت کر لی ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، لنکا شائر کلب نے واقعے کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ وہ کسی بھی تکلیف یا ممکنہ توہین کے لیے معذرت خواہ ہیں جو اس واقعے سے مداح کو پیش آئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ایک پاکستانی نژاد تماشائی، فاروق نذر، کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرٹ پہننے پر سیکیورٹی عملے نے میدان سے باہر جانے یا شرٹ تبدیل کرنے کا کہا۔فاروق نذر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا: “میں خاموشی سے میچ دیکھ رہا تھا کہ سیکیورٹی اہلکار آئے اور مجھ سے کہا کہ اپنی شرٹ کو چھپا لیں یا اسٹیڈیم سے نکل جائیں۔”سوشل میڈیا پر واقعے کی مذمت کے بعد لنکا شائر کلب نے ردعمل دیتے ہوئے وضاحت کی کہ وہ اپنے اسٹیڈیم میں ہر قوم اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے شائقین کو خوش آمدید کہتے ہیں، اور مستقبل میں اس نوعیت کی صورتحال سے بچنے کے لیے پالیسیوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔