اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کھیل کے میدان میں بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف سیاسی رویے کو برقرار رکھا ہے، اور ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے سیمی فائنل میں بھی بھارتی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ مقابلے سے انکار کر دیا ہے۔اس سے پہلے گروپ مرحلے میں بھی بھارت نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے گریز کیا تھا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو واک اوور دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، ایشین کرکٹ کونسل کے ایک اجلاس کی صدارت محسن نقوی نے کی تھی، جس میں بھارتی نمائندوں نے باقاعدہ شرکت کی اور میچز کھیلنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ مگر اب بھارت کے اس فیصلے پر نہ صرف وہاں کا میڈیا اور سیاست دان بلکہ بعض سابق کرکٹرز بھی اپنی کرکٹ بورڈ پر کڑی تنقید کر رہے ہیں۔سیمی فائنل میں شرکت سے بھارت کے انکار کے بعد پاکستانی ٹیم فائنل میں براہ راست کوالیفائی کر گئی ہے، جو انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری ٹورنامنٹ کا حصہ ہے۔
بھارتی ذرائع کے مطابق، جن کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کیا ہے ان میں یووراج سنگھ (کپتان)، شیکھر دھون، ہربھجن سنگھ، عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان شامل ہیں۔اس سے قبل بھی ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں کچھ بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے معذرت کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق، بھارتی ٹیم کے چند اراکین نے مطالبہ کیا تھا کہ شاہد آفریدی کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل نہ کیا جائے۔