لندن (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ خان نے پاکستان چھوڑ کر انگلینڈ منتقل ہونے کی افواہوں کی تردید کردی۔حسیب اللہ سے متعلق حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں سامنے آئیں کہ وہ انگلش کرکٹ میں طویل المدتی مستقبل کے حصول کے لیے انگلینڈ چلے گئے ہیں۔تاہم 22 سالہ نوجوان کرکٹر نے انسٹاگرام پر شیئر کردہ اسٹوری میں ان سب رپورٹس اور دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے لکھامیں آپ سب کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ میں اپنے ڈومیسٹک کاؤنٹی کنٹریکٹ اور دیگر ذمہ داریوں کے سلسلے میں انگلینڈ پہنچا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں پوری لگن اور جذبے کے ساتھ اپنے ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے پرعزم ہوں’۔قومی کرکٹر نے مداحوں سے کسی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کرنے کا کہا اور لکھا کہ ‘میری ہر کسی سے درخواست ہے کہ غلط خبروں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں، پاکستان زندہ باد’۔واضح رہے کہ اس سے قبل فیس بک پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حسیب اللہ نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ایجنٹوں سے ملاقات کی تھی جس میں انگلینڈ میں ان کے کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حسیب اللہ نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 12 کی اوسط سے 36 رنز بنائے۔وکٹ کیپر بلے باز پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے لیکن انہوں نے ایک ہی میچ کھیلا تھا جس میں وہ سات رنز بناسکے تھے۔