اسلام آباد (نیوز رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب اس کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو دبئی میں منعقد کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ نے حال ہی میں دبئی میں آئی پی ایل کے میچز کرانے کے لیے رابطہ کیا، لیکن امارات کرکٹ بورڈ نے انکشاف کیا کہ پاکستان پہلے ہی اپنی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کچھ میچز دبئی منتقل کرنے پر بات چیت مکمل کر چکا ہے۔
مزید یہ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پہلے ہی دبئی میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد پر غور کیا جا چکا تھا، اور پی سی بی نے 8 مئی کی شب تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی تھی، جس کا اعلان بھی اسی رات کیا گیا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب بھارتی بورڈ نے امارات کرکٹ حکام سے رابطہ کیا تو انہیں مطلع کیا گیا کہ پی سی بی پہلے سے یہ درخواست کر چکا ہے، جس کے بعد بی سی سی آئی کی کوشش ناکام ہو گئی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اب آئی پی ایل کو ستمبر میں کرانے کے امکانات زیر غور ہیں، لیکن اگر ایسا ہوتا ہے تو ایشیا کپ کے انعقاد میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے کیونکہ دونوں ایونٹس کی تاریخیں آپس میں ٹکرا سکتی ہیں۔