ایڈیلیڈ(این این آئی)ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کو 10 وکٹوں سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم میچ کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما سے پیس اٹیک کو لے کر کئی سوالات کیے گئے۔کپتان روہت شرما جیسے ہی پریس کانفرنس میں پہنچے تو ان پر صحافیوں کی جانب سے سوالات کی بوچھار ہو گئی، نہ صرف میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں جسپریت بمراہ، محمد سراج اور ہرشیت رانا کے بارے میں سوالات پوچھے گئے بلکہ روہت کو محمد شامی کے بارے میں بھی جواب دینا پڑا جو ابھی آسٹریلیا بھی نہیں پہنچے۔
پریس کانفرنس کے دوران کپتان روہت شرما سے پوچھا گیا کہ محمد شامی کی کمی کتنی محسوس ہورہی ہے، ان کی چوٹ کیسی ہے؟ وہ کب آسٹریلیا آکر ٹیم کو جوائن کر سکتے ہیں؟ جس پر روہت شرما نے ان سوالوں کا ایک ایک کرکے جواب دیا۔بھارتی کپتان نے کہا کہ ٹیم کے دروازے محمد شامی کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، وہ جب بھی آئیں گے ، ٹیم میں شامل ہوں گے اور کھیلیں گے، ہم ان پر نظر رکھے ہوئے ہیں، وہ سید مشتاق علی ٹرافی میں کچھ میچ کھیل چکے ہیں، ان کے گھٹنے میں سوجن آگئی تھی، اس سے ان کی تیاری میں فرق پڑا۔روہت شرما نے یہ بھی بتایا کہ ٹیم محمد شامی کی واپسی کو لے کر کوئی جلد بازی کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محمد شامی ابھی کھیل رہے ہیں، بی سی سی آئی کے ڈاکٹروں کی ٹیم ان پر نظر رکھے ہوئی ہے، وہ میچ کھیلنے سے پہلے کیسا محسوس کر رہے ہیں؟ میچ کھیلنے کے بعد سمیع کی فٹنس کیسی ہے؟ 4 اوورز کرنے اور 20 اوورز تک میدان میں رہنے کے بعد شامی کی حالت کیسی ہوتی ہے؟ ڈاکٹر اس سب پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم جلد بازی کرکے ان پر کوئی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے۔