لاہور(این این آئی) قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹی 20 کرکٹ میں زیادہ میڈن اوورز کرانے کا بھونیشور کمار کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کیریبئن ٹی 20 لیگ میں انٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کے لیے کھیلتے ہوئے محمد عامر نے بھونیشور کمار کے 24 میڈن اوورز کے ریکارڈ کو توڑ دیا اور اب وہ 25 میڈن اوورز کے ساتھ عالمی سطح پر تیسری پوزیشن پر ہیں۔
سب سے زیادہ میڈن اوورز کا ریکارڈ اس وقت سنیل نارائن کے پاس 30 اوورز کے ساتھ ہے جبکہ بنگلا دیش کے شکیب الحسن 26 میڈن اوورز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔فاسٹ باؤلر محمد عامر 32 سال کی عمر میں بھی ڈومیسٹک ٹی 20 فارمیٹ میں ایک غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انہوں نے 302 میچوں میں 347 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جاری کیریبئن ٹی 20 لیگ میں وہ 7 میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔