نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹ بورڈ( بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاکستان میں اگلے سال منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کو بھیجنے کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم اس وقت پاکستان بھیجیں گے جب حکومت اجازت دے گی۔نائب صدر بی سی سی آئی راجیو شکلا نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد کے معاملے پر بات کرتے ہوئے اپنے ایک بیان کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ابھی وقت ہے، ایونٹ کیلئے پاکستان جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔
راجیو شکلا نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پر ہم وہی کریں گے جو حکومت ہمیں کہے گی، بھارتی ٹیم اس وقت پاکستان بھیجیں گے جب حکومت اجازت دے گی۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 فروری میں پاکستان میں ہونی ہے، مجوزہ شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان کے تین وینیوز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کے مجوزہ شیڈول میں بھارتی ٹیم کے پاکستان میں کم سے کم سفر کرنے کے حوالے سے تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں بھارتی ٹیم کے میچز لاہور میں منعقد ہوں گے۔