نئی دہلی (این این آئی)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کا آغاز کسی افتتاحی تقریب کے بغیر 5 اکتوبر کو ہو گا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمد آباد میں ورلڈکپ 2023ء کے حوالے سے 4 اکتوبر کے روز ہونے والی پہلے سے طے شدہ رنگا رنگ افتتاحی تقریب اچانک منسوخ کر دی گئی ہے۔
بھارت میں کرکٹ کے ایک روزہ فارمیٹ ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جس میں پہلا میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔دوسری جانب بھارتی میڈیا یہ بھی کہہ رہا ہے کہ بی سی سی آئی اس حوالے سے اختتامی سیشن یا پھر 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والے پاک بھارت میچ سے قبل فنکشن کروانے پر غور کر رہا ہے۔افتتاحی تقریب کی منسوخی یا پھر تاریخ میں تبدیلی کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان سامنے نہیں آسکا۔
واضح رہے کہ افتتاحی تقریب 4 اکتوبر کے روز شام 7 بجے شیڈول کی گئی تھی تاہم اب کہا جا رہا ہے کہ (آج) بدھ کو ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیمز کے کپتان فوٹوشوٹ کروائیں گے۔خیال رہے کہ تقریب میں آتش بازی کے ساتھ بالی ووڈ کے معروف اداکار و گلوکار جن میں رنویر سنگھ، ارجیت سنگھ، تمنا بھاٹیا، شریا گوشل اور آشا گوشل نے پرفارم کرنا تھا تاہم اب بھارتی میڈیا پر تقریب سے قبل اچانک اس کی منسوخی کی خبریں سامنے آئیں ۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کای کہ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کچھ تکنیکی خرابی کے باعث منسوخ کی گئی ہے۔