کولمبو (این این آئی)سابق سری لنکن کرکٹر روشن ماہنامہ نے دارالحکومت کولمبو کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول کے لیے اپنی باری کا انتظار کرنے والے لوگوں کو چائے اور بن پیش کیے جس کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق ملک کے وزیر توانائی نے اعلان کیا کہ
ایندھن کا ذخیرہ پانچ دنوں میں ختم ہو جائے گا جس کے بعد پیٹرول پمپس پر قطاریں لگ گئیں۔لوگوں کی تکالیف کو کم کرنے کی جستجو میں ورلڈ کپ جیتنے والے سابق سری لنکن کرکٹر روشن ماہنامہ نے چند رضاکاروں کے ساتھ پیٹرول پمپس پر انتظار کرنے والے لوگوں کو چائے اور بن پیش کیے۔انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے شام کمیونٹی میل شیئر کی، پیٹرول کی قطاروں میں کھڑے لوگوں کے لیے چائے اور بن پیش کیے۔سابق سری لنکن کرکٹر نے لکھا کہ قطاریں دن بہ دن لمبی ہوتی جا رہی ہیں اور قطاروں میں رہنے والے لوگوں کی صحت کو بہت سے خطرات لاحق ہوں گے۔انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ براہِ کرم، ایک دوسرے کا خیال رکھیں، مناسب مشروبات اور کھانا ساتھ لائیں اور اگر آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو، اپنے قریب ترین شخص سے رابطہ کریں اور مدد طلب کریں یا 1990 پر کال کریں۔