لاہور (این این آئی)سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں پہلوان زیادہ پلیئرز کم ہیں۔ایک انٹرویومیں سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہاکہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والوں کو منتخب کر لیا گیا ہے، ٹیم کا کمبی نیشن کیا بنے گا ؟
ایک ایک پوزیشن کے 4 پلیئرز منتخب کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اعظم خان، شرجیل خان، صہیب مقصود کی فٹنس پر سوال ہے،فخر زمان کو کس نمبر پر کھلائیں گے؟ صہیب کہاں کھیلے گا؟عاقب جاوید نے مخالف ٹیم انگلینڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ رن ریٹ کو بنا کر رکھتی ہے۔انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی پہلے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حسن علی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولر حسن علی بائیں ٹانگ میں کھنچاؤ محسوس کرنے کی وجہ سے پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے، حسن علی کو احتیاطاً 16 جولائی کو ٹرینٹ برج میں شیڈول میچ میں آرام تجویز کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق میڈیکل پینل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل حسن علی کا دوبارہ جائزہ لے گا، میڈیکل پینل کے جائزے کے بعد حسن علی کی میچ میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔