دبئی(این این آئی)آئی سی سی نے ون ڈے رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق قومی ٹیم چھٹی پوزیشن پر موجود ہے۔آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم کی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو پیچھے دھکیل کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ قومی ٹیم چھٹی پوزیشن پر موجود ہے، رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ پہلے، آسٹریلیا دوسرے، بھارت تیسرے، انگلینڈ چوتھے
اور جنوبی افریقا پانچویں نمبر پر ہے۔نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش ساتویں ، ویسٹ انڈیز آٹھویں ، سری لنکا نویں اور افغانستان کی ٹیم دسویں پوزیشن پر ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ون ڈے پلیئرز کی تازہ ترین ریکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستانی بلے باز فخر زمان 2 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین ،امام الحق 9 درجے ترقی کیساتھ ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے ہیں جبکہ بابر اعظم بدستور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ پیر کو آئی سی سی کی طرف سے جاری تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی بدستور سرفہرست ہیں، روہت شرما دوسرے، روز ٹیلر تیسرے، جوروٹ چوتھے اور بابر اعظم پانچویں نمبر پر برقرار ہیں، ڈی کوک ایک درجہ اوپر چڑھ کر آٹھویں نمبر پر آ گئے، فخر زمان 2 درجے ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، انہوں نے نویں پوزیشن سنبھال لی، دھون دو درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئے، ہاشم آملہ 3 درجے بہتری پا کر 13ویں، امام الحق 9 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین 16ویں نمبر پر آ گئے، دھونی بھی 3 سیڑھیاں چڑھ کر 17ویں نمبر پر آ گئے، مارٹن گپٹل 6 درجے تنزلی کے بعد 19ویں نمبر پر چلے گئے، باؤلرز میں جسپریت بمرا پہلے اور راشد خان دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، کیوی فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ 7 درجے ترقی کے ساتھ دسویں سے تیسرے نمبر پر آ گئے، یزوندرا چھاہل ایک سیڑھی چڑھ کر پانچویں نمبر پر آ گئے، ربادا تین درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلے گئے، حسن علی دو درجے گرنے کے بعد 14ویں، ڈیل سٹین ایک درجہ گر کر سولہویں نمبر پر چلے گئے، پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی 38 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 74ویں نمبر پر آ گئے۔ آل راؤنڈرز میں راشد خان بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔