لاہور، دبئی(این این آئی) غیر ملکی میڈیا نے کہا ہے کہ چھٹی پر جانے والے وقار یونس کے جلد بولنگ کوچ کا عہدہ چھوڑدینگے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان اہلیہ کی سرجری کے پیش نظر دورہ زمبابوے چھوڑ کر آسٹریلیا کیلئے عازم سفر ہیں،وہ پی ایس ایل کے دوران پاکستان
واپس آئیں گے، ان حالات میں یہ اطلاعات گردش میں ہیں کہ شاید وہ بولنگ کوچ کا عہدہ چھوڑنے والے ہیں۔غیر ملکی نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں وقار یونس کے قریبی ذرائع کی جانب سے بتایا گیاکہ سابق کپتان تھکاوٹ کا شکار اور اپنی فیملی کی کمی شدت سے محسوس کررہے ہیں، یاد رہے کہ وقار یونس 10ماہ سے مصروف ہیں،دیگر کرکٹرز تو پاکستان واپسی پر اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارلیتے ہیں مگر فیملی آسٹریلیا میں ہونے کی وجہ سے بولنگ کوچ کو وقت نہیں مل پاتا۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی پا کر دوسرے نمبر پرپہنچ گئے، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلے جبکہ ایرون فنچ تیسرے نمبر پر ہیں۔آئی سی سی رینکنگ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، ان کے پوائنٹس کی تعداد 844 ہوگئی ہے، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 892 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں ،آسڑیلوی کپتان ایرون فنچ
ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے کا چوتھا اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا رینکنگ میں پانچواں نمبر ہے۔بولنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے ، افغانستان کے راشد خان دوسرے ،آسٹریلیا کے آشٹن اگیر تیسرے نمبر پر ہیں۔ٹاپ ٹین بولرز میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں ، آل رائونڈرز میں افغانستان کے محمد نبی پہلے نمبر پر ہیں۔