لاہور( آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر عمر اکمل پر جرمانے کی قسطوں میں ادائیگی کی درخواست مسترد کر دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ عمر اکمل پہلے یکمشت جرمانہ ادا کرے پھر ری ہیپ پروگرام
شروع کریں گے۔ عمر اکمل کے ٹیکس ریٹرن سے نہیں لگتا کہ انہیں کسی مالی دشواری کا سامنا ہے۔میچ فکسنگ کیس میں کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل پر 42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا اور عمر اکمل نے پی سی بی کو مالی حالات کی وجہ سے جرمانے کی اقساط کرنے کی درخواست دی تھی۔عمراکمل اب تک جرمانہ ادا نہیں کرسکے ان کی درخواست بھی مسترد ہوچکی ہے عمر اکمل اگر رواں سال کا ڈومیسٹک سیزن کھیلنا چاہتے ہیں تو انہیں جلد جرمانہ ادا کرکے ری ہیب پروگرام مکمل کرنا پڑے گا، ورنہ پی ایس ایل کے ڈرافٹس میں بھی واپسی مشکل ہو جائے گی۔ وا ضح رہے کہ عمر اکمل پر 3 سال کی پابندی عائد کی ہے جو 20 فروری 2020 یعنی عمراکمل کی معطلی کے روز سے نافذ العمل ہے۔ نااہلی کی دونوں مدتوں پر ایک ساتھ عمل جاری ہے۔ عمر اکمل اب 19 فروری 2023 کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کے اہل ہوں گے۔