دبئی (این این آئی)کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس سال کے آخر میں ہونے والے ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ 2021 ملتوی کردیا ہے۔آئی سی سی بورڈ کی جانب سے جاری تازہ اعلامیے کے مطابق ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ اب جنوری 2023 میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی بورڈ کے اعلامیے کے مطابق
ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ 2021 بنگلادیش میں دسمبر میں شیڈول تھا۔خیال رہے یہ انڈر 19 خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا ایڈیشن ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی دبئی میں 14 اکتوبر 2019 کو ہونے والی بورڈ میٹنگ کے دوران لیا گیا تھا۔جنوری 2021 میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ وہ دسمبر 2021 میں ہونے والے ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی تھی۔آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے اور او ڈی آئی باؤلرز رینکنگ میں قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر کا نواں نمبر ہے۔ٹیسٹ باوَلنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کم انز کی نمبر ون پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارتی لیگ اسپنر روی چندر اشوین دوسرے، نیوزی لینڈ کے جیل ویگنر تیسرے نمبر پر ہیں۔ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلے اور آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی باؤلرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے اور افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایشٹن ایگر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی باولرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلی پوزیشن جبکہ افغانستان کے مجیب الرحمان دوسری اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بنا سکا