لاہور(یواین پی)دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے قومی ٹیم کی سلیکشن میں رائے کو نظرانداز کرنے پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر محمد وسیم میں اختلافات کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کی وجہ سے بابر اعظم سکواڈ میں
بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے حق میں نہیں اور انہوں نے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے منتخب کردہ سکواڈ پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کے انتخاب کے معاملے میں بابر اعظم سے مشاورت ضرور کی گئی لیکن کپتان کی تجاویز نظرانداز کردی گئیں جس پر وہ ناخوش ہیں۔ بابراعظم کا ماننا ہے کہ ٹیم میں بار بار تبدیلیوں سے کھلاڑیوں کا اعتماد نہیں رہے گا اور ورلڈکپ کیلئے ٹیم تیار نہیں ہو سکے گی۔انہوں نے محمد نواز کی شمولیت اور عماد وسیم کو ڈراپ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق بابراعظم نے کامران غلام کو بغیرکھلائے ڈراپ کرنے اور بالخصوص ٹی ٹونٹی ٹیم میں چھ سے سات تبدیلیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عابد علی اور عماد بٹ کی اوپننگ جوڑی کی مکمل ناکامی کے باوجود انہیں سکواڈ میں برقرار رکھنے پر اور تجربہ کار شان مسعود کو دوبارہ ڈراپ کرنے بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ کپتان اور چیف سلیکٹر کے درمیان سلیکشن پر اختلاف رائے ہو جاتا ہے اور معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کر لیا جائے گا۔