لاہور( این این آئی )قومی کرکٹ ٹیم اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی،دورے میں تین ایک روزہ اور چار ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ دورے میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی جہاں 2، 4 اور 7 اپریل کو
تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔سیریز کا پہلا اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ پریٹوریا جبکہ دوسرا ون ڈے میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں مدمقابل آئیں گی۔ ابتدائی طور پر یہ سیریز تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل تھی تاہم کرکٹ جنوبی افریقہ کی درخواست پر اس سیریز میں ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔پہلے دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 10 اور 12 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ اگلے دونوں میچز پریٹوریا میں کھیلے جائیں گے۔یہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل پاکستان کی دوسری سیریز ہے۔پاکستان نے سپرلیگ میں شامل اپنی پہلی سیریز نومبر 2020 میں زمبابوے کے خلاف کھیلی تھی، جہاں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ فی الحال قومی ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔اس کے برعکس جنوبی افریقہ کی یہ سپر لیگ میں پہلی سیریز ہے۔ 13 ٹیموں پر مشتمل اس لیگ میں ہر ملک کو 2 سالہ مدت میں 8 سیریز ( 4 ہوم اور 4 اویسیریز)کھیلنی ہیں۔ ابتدائی طور پر پاکستان کو اکتوبر 2020 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا تھاتاہم کوویڈ 19 کی عالمی وبا ء کے باعث اسے ملتوی کرکے اب اپریل 2021 میں شیڈول کیا گیا ہے۔دورہ جنوبی افریقہ کے بعد قومی
کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہوگی، جہاں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز 17 اپریل سے شروع ہوگی۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ساتھی ملک کی مددکرنے پر خوشی محسوس کررہے ہیں اور آئی سی سی رکن کی حیثیت سے ایک دوسرے کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔پاکستان اور
جنوبی افریقہ کے تعلقات مضبوط اور دیرپا ہیں، دونوں بورڈز اس تعلق کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، لہٰذاان کی درخواست قبول کرنا ہمارے لیے ایک آسان فیصلہ تھا، ہم ایک کامیاب دورے کے لیے پرامید ہیں۔کرکٹ جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر کرکٹ گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ ہم محدود طرز کی کرکٹ کے لیے پاکستان کے دورہ جنوبی
افریقہ کی تاریخوں اور شیڈول کو حتمی شکل دینے پر مسرور ہیں۔گریم اسمتھ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم محدود طرز کی کرکٹ میں ایک مشکل حریف ہے اور حالیہ چند برسوں میں پاکستان کے کھیل میں مزید بہتری آئی ہے، پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میزبان جنوبی افریقہ کو ٹف ٹائم دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دورے میں ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے اضافے سے متعلق درخواست قبول کرنے پر بھی ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔