پشاور(یواین پی) پاکستان کے اولین سکھ کرکٹر مہندر پال سنگھ پشاور زلمی کا حصہ بن گئے۔ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے لیے مہندر پال سنگھ کو پشاور زلمی نے اسسٹنٹ منیجر کی ذمہ داریاں دے دی ہیں۔ لاہور میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی اور مہندر پال سنگھ کی
ملاقات ہوئی۔ جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ مہندر پال سنگھ کو زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔اس موقع پر مہندر پال سنگھ کا کہنا تھا کہ انہیں زلمی فیملی کا حصہ بننے کی بہت خوشی ہے۔یاد رہے کہ مہندر پال سنگھ نے انٹرویو میں پاکستان سپرلیگ میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)2021 کے شیڈول کا اعلان کردیا،ٹورنامنٹ کا فائنل میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔لیگ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ اگلے روز ایونٹ میں دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی فائنلسٹ لاہور قلندرز اور ایڈیشن 2017ء کی فاتح پشاور زلمی کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ میں دومرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔تیس روزہ ٹورنامنٹ کا فائنل 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 2017ء کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔