راولپنڈی ، لاہور(یواین پی) راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کیخلاف شاندار بائولنگ کرنے والے اور اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے حسن علی کی تباہ کُن بولنگ کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بائولر
حسن علی نے اپنی شاندار بائولنگ سے پروٹیز بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں اور پوری مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی حسن علی کی تعریف میں ٹویٹ کیا۔شائقین کرکٹ نے ایک جانب حسن علی کی شاندار بائولنگ کی تعریفیں کیں وہیں ان کے وکٹ لینے پر جشن کے سٹائل کے بھی چرچے رہے۔صارفین حسن علی کے سٹائل پر مزاحیہ تبصرے کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ’آج تو حسن علی کا جنریٹر آن رہا’۔ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ‘بجلی عارضی ہے لیکن جنریٹر مستقل ہے’۔دوسری جانب ڈیبیو سیریز میں ورلڈ ریکارڈ بنانے والے عابد علی کا بیٹ رنز اگلنا ہی بھول گیا جب کہ ”لیجنڈ” کی عرفیت رکھنے والے بیٹسمین گذشتہ 13اننگز میں صرف ایک ففٹی بناپائے۔عابد علی نے 2019کے اوائل میں آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے ڈیبیو کرتے ہوئے سنچری بنائی،پھر اسی سال دسمبر میں کیریئر کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں سری لنکا کیخلاف کھیلتے ہوئے بھی 109رنز اسکور
کیے، یوں وہ دونوں فارمیٹ میں ڈیبیو پر سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہونے کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے۔سری لنکا کیخلاف کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 38رنز بنانے کے بعد انھوں نے دوسری باری میں 174رنز اسکور کرتے ہوئے دنیائے
کرکٹ پر اپنی دھاک بٹھا دی، اس کے بعد ان کا بیٹ رنز اگلنا بھول گیا۔عابد نے 12اننگز میں 20سے بھی کم کی اوسط سے 230رنز بنائے ہیں، سب سے بڑی 60رنز کی اننگز گذشتہ سال اگست میں میزبان انگلینڈ کیخلاف کھیلی،اس کے علاوہ صرف ایک بار وہ30سے زائد رنز بنا سکے۔
نیوزی لینڈ میں دونوں اوپنرز کی ناکامی کے بعد شان مسعود تو ڈراپ ہوگئے لیکن عابد علی کو لائف لائن دیتے ہوئے پروٹیزسے سیریز میں عمران بٹ کے ساتھ میدان میں اتارا گیا، دونوں توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔توقع تھی کہ ہوم کنڈیشنز میں عابد علی کی روٹھی فارم واپس آ جائے گی
مگر پروٹیز کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں وہ پہلی باری میں 4تو دوسری میں 10رنز بنا سکے،راولپنڈی ٹیسٹ میں کریز پر مشکل وقت گزارنے کے بعد بالآخر 6 رنز پر وکٹ قربان کردی، یوں ڈیبیو سیریز کے بعد عابد علی نے صرف ایک ففٹی بنائی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اگر وہ اسکور نہ کرسکے تو ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا دشوار ہو جائے گا۔