لاہور (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ سے حال ہی میں کنارہ کشی اختیار کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے بتایا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کرتے آئے، اب میں مزید برداشت نہیں کرسکتا۔جمعرات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے بیان کا جواب
دے دیا۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ مصباح الحق اور وقار یونس میرے مقدمے کو غلط رنگ دے رہے ہیں، میں اب بھی مصباح اور وقار کے ہوتے ہوئے نہیں کھیلنا چاہتا۔انھوں نے ساتھ میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بات اب بہت آگے نکل چکی ہے۔محمد عامر نے کوچز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق اور وقار یونس میری کارکردگی پر بات کرتے ہیں وہ پہلے اپنی پرفارمنس دیکھیں۔انھوں نے کہا کہ شکستوں کا ملبہ کورونا پر ڈال رہے ہیں، باقی دنیا کے لیے بھی کورونا ہے۔محمد عامر نے کہاکہ وقار یونس کو میرے بیانات سے دکھ ہوا تو مجھے اس سے کہیں زیادہ دکھ پہنچا۔فاسٹ بولر نے کہا کہ مصباح اور وقار ذہنی طور پر ٹارچر کرتے آئے، اب مزید برداشت نہیں کرسکتا۔محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں پی سی بی یا کرکٹ سے بڑا نہیں ہوں، مگر موجودہ حالات میں نہیں کھیل سکتا۔انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو جب تک آسان ماحول نہیں دیں گے کارکردگی بہتر نہیں ہوسکتی۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دْنیا بھر میں سوئنگ کے سلطان کے لقب سے مشہور وسیم اکرم نے اپنے بھائی کے ہمراہ 34 سال پْرانی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔وسیم اکرم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماضی کی اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔مذکورہ تصویر میں وسیم اکرم کے ہمراہ اْن کے بھائی بھی موجود ہیں اور
دونوں بھائیوں نے ایک جیسی شرٹ زیب تن کی ہوئی ہے۔وسیم اکرم اور اْن کے بھائی کی شرٹ پر انگریزی زبان میں درج ہے ’مجھے نیو یارک سے محبت ہے۔سابق کرکٹر نے اس نایاب تصویر کے ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’دیکھیں، مجھے کیا ملا۔اْنہوں نے بتایا کہ تصویر میں اْن کے ساتھ اْن کے بھائی موجود ہیں جبکہ یہ تصویر سال 1986ء کی ہے۔