میلبورن ( آن لائن ) ایک جانب کرکٹ آسٹریلیا کے بائیو سکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر کرکٹرز روہت شرما ، رشب پنت ، شبمان گل ، نویدیپ سینی اور پرتھوی شا کو الگ تھلگ کردیا گیا ہے تو وہیں روہت شرما پر
دوغلے پن کے الزامات بھی سامنے آگئے ہیں۔ اگرچہ کرکٹرز کو کورونا سے متعلقہ قواعد کی پیروی نہیں کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم ایک کرکٹ مداح کی طرف سے ادا کیے جانے والے بل کی غیر تصدیق شدہ تصویر نے آگ کو مزید بھڑکا دیا کیونکہ جن جن آئٹمز کا آرڈر دیا گیا ان میں سے ایک میں گائے کے گوشت کی ڈش کا ذکر ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے کھانوں کے انتخاب پر ان کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بننے والے روہت شرما تھے۔کئی سوشل میڈیا صارفین نے روہت شرما کو جانوروں کے حقوق کے بارے میں آواز اٹھانے اور پھر میلبورن کے ریستوران میں گائے کا گوشت کھانے پر’منافق‘ قرار دیا تاہم کچھ ایسے افراد بھی ہیں جنہوں نے بھارتی بلے باز کی حمایت کی کیونکہ ان کے گوشت کھانے کا کوئی پختہ ثبوت موجود نہیں تھا۔