نیپئر(آن لائن) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ رواں سال ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے باز بن گئے۔ 40 سالہ محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں 41 رنز سکور کیے جس کے ساتھ ہی وہ رواں
سال زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے، حفیظ نے رواں سال 8 اننگز میں 83 کی اوسط اور 152.57 کے سٹرائیک ریٹ سے 415 رنز سکور کیے جس میں 4 نصف سنچریاں شامل تھیں۔بھارت کے لوکیش راہول نے رواں سال ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 10 اننگز میں 404 رنز بنائے، انگلینڈ کے ڈیوڈ مالان 10 اننگز میں 397 رنز بنا کر تیسرے جب کہ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ٹم سائیفرٹ 10 اننگز میں 352 رنز سکور کرکے چوتھے نمبر پر رہے۔یاد رہے کہ 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدر علی اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور 40 رنز کا آغاز فراہم کیا، پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت پہنچا جب مارٹن گپٹل کی جگہ متبادل فیلڈر کی حیثیت سے میدان میں موجود مچل نے کور پوائنٹ پر حیدرعلی کا شاندار کیچ لیا، انہوں نے 11 رنز بنائے۔