نئی دہلی(این این آئی)دنیا کے امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کے واجبات 10 ماہ سے ادا نہیں کیے، جس کی وجہ سے کھلاڑی کورونا میں مالی مسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کو اکتوبر سے سہ ماہی قسط تک نہیں ملی۔ 2018 کی بیلنس شیٹ کے مطابق بھارتی بورڈ کے پاس موجود 55 کھرب 26 ارب بھارتی روپے کیش
اور بینک بیلنس صورت میں موجود ہیں جن میں سے تقریباً 30 کھرب روپے بینک میں فکسڈ ڈیپازٹ ہیں۔رپورٹس کے مطابق اس خطیر رقم کے باوجود بھارتی بورڈ کھلاڑیوں کے واجبات ادا کرنے میں ناکام ہے اور 8 کرکٹرز نے واجبات نہ ملنے کی تصدیق کردی ہے۔کھلاڑیوں کو دسمبر 2019 سے 2 ٹیسٹ، 9 ون ڈے اور 8 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میچ فیس تک ادا نہیں کی گئی۔ بھارتی بورڈ پر اس وقت مجموعی طور پر 99 کروڑ روپے کے واجبات ہیں جو اسے کرکٹرز کو اے پلس، اے، بی اور سی کیٹگریز کے حساب سے دینے ہیں،اے پلس کیٹیگری میں شامل وارٹ کوہلی، روہت شرما اور جسپریت بمرا کو سالانہ 7 کروڑ روپے ملتے ہیں ،اے کیٹگری کو 5 کروڑ، بی کیٹگری کو تین کروڑ اور سی کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے سالانہ دیے جاتے ہیں۔بھارتی بورڈ کھلاڑیوں کو ہر ٹیسٹ کی میچ فیس کے عوض 15 لاکھ روپے ادا کرتا ہے جب کہ ون ڈے کی میچ فیس 6 لاکھ اور ٹی 20 کہ میچ فیس 3 لاکھ روپے ادا کی جاتی ہے۔