لاہور ( آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ انگلینڈ ٹور پر موجود قومی ٹیم کا سامان ضبط ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ براڈشیٹ ایل ایل سی نامی کمپنی نے 2018ء میں حکومت پاکستان اور قومی احتساب بیورو کیخلاف ثالثی عدالت میں مقدمہ جیتا تھا اور آئزل آف مین سے تعلق رکھنے والا ادارہ اپنا نقصان پورا کرنے کی غرض سے قومی کرکٹ ٹیم کا سامان اور دیگر اثاثے ضبط کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔انگلش میڈیا میں شائع ہونے
والی خبروں کے مطابق براڈشیٹ ایل ایل سی نے حکومت پاکستان کا مقدمہ لڑنے والی لیگل فرم ایلن اینڈ اوویری کو خط ارسال کیا کہ پاکستانی گورنمنٹ پر ان کے 33 ملین ڈالرز واجب الادا ہیں لہٰذا کمپنی اس بات کا حق رکھتی ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کا سامان اور دیگر اثاثے ضبط کرلے۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی ایک خود مختار ادارے کی حیثیت سے حکومتی سطح کے کسی بھی نقصان کی ادائیگی کا پابند نہیں لہٰذا اس بابت پاکستانی سفارت خانے سے فوری رابطہ کرلیا گیا ہے۔