لاہور (این این آئی)کورونا وائرس کے باعث آئر لینڈ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی شیڈول کرکٹ سیریز ملتوی ہونے کا قوی امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ نے کورونا وائرس پر قابو پا لیا ہے اور وہاں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں لیکن آئرلینڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ سیریز خدشات کا شکار ہیں۔نیوزی لینڈ اور پاکستان نے آئندہ چند ہفتوں میں آئر لینڈ میں کرکٹ سیریز کھیلنی ہیں
لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے باعث آئر لینڈ میں جلد انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے۔نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف جون اور جولائی میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔نیوزی لینڈ کے تین ٹی ٹوئنٹی میچز 19، 21 اور 23 جون کو شیڈول ہیں جب کہ تین ون ڈے میچز 27 اور 30 جون اور 2 جولائی کو ہونا ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھی 12 اور 14 جولائی کو آئر لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں لیکن موجودہ صورت حال میں یہ سیریز ہوتی نظر نہیں آ رہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ ہالینڈ پہلے ہی ملتوی کیا جا چکا ہے، پاکستان نے جولائی میں ہالینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز کھیلنا تھے۔اس کے علاوہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کے حوالے سے دونوں ممالک کے بورڈز حکام 15 مئی کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں سیریز کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔