لاہور(این این آئی)سابق کرکٹرزنے موجودہ کرکٹرز کو آن لائن لیکچرز دینے شروع کر دئیے، سیشن کے پہلے روز جاویدمیاں دار نے بیٹسمینوں کو مفید مشورے دئیے۔کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے45 موجودہ کرکٹرز کو سابق کھلاڑیوں سے آن لائن لیکچر دلوانے کا اہتمام کیا ،پہلے سیشن میں سابق کپتان جاوید میانداد نے بیٹسمینوں کو ویڈیولنک پر لیکچر دیا،
جاوید میانداد نے بیٹسمینوں کو اپنے تجربات اور خوشگوار واقعات سے آگاہ کیا۔جاوید میا نداد نے خصوصی طور پر ڈینس للی کا سامنا کرنے کے بارے میں بھی بتایا، سابق بیٹسمین نے کھلاڑیوں کو انگلینڈ کی کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کے گر بتائے۔محمد حفیظ، بابر اعظم اور امام الحق نے لیجنڈری بیٹسمین سے سوالات کیے، بابر اعظم نے جاوید میا نداد سے تکنیکی حوالے سے گفتگو کی۔پہلے سیشن میں ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس بھی شریک ہوئے ، دوسرے سیشن میں سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم فاسٹ بولرز کولیکچر دیں گے۔