لاہور(آن لائن)ڈین جونز کو پاکستان میں سکیورٹی انتظامات بوجھ نظر آنے لگے، سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا ہے کہ بم پروف بسیں اور آرمی کا حفاظتی حصار چکرا کر رکھ دیتا ہے۔ایک آسٹریلوی اخبار کیلئے کالم میں ڈین جونز نے پی ایس ایل میچز کے دوران پاکستان میں سکیورٹی انتظامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
ڈین جونز نے کہا کہ کرکٹرز کو انٹرنیشنل پروازوں سے اترتے ہی بلٹ اور بم پروف بسوں میں ڈال کر حفاظتی حصار میں لے جایا جاتا ہے، یہ صورتحال ذہن کو چکرا کر رکھ دینے والی ہوتی ہے،کھلاڑی کمروں تک اس طرح محدود ہوتے ہیں جیسے کسی جیل میں ہوں،سکیورٹی والے آپ کو کہیں باہر نہیں جانے دیتے۔انہوں نے کہا کہ میں پی ایس ایل کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے جانتا ہوں کہ پابندیوں کی وجہ سے پلیئرز کے پاس کرنے کیلئے کچھ نہیں اور سوچنے کیلئے بہت وقت ہوتا ہے،وہ ذاتی معاملات پر زیادہ غور کرتے ہیں، یوں ان کا ذہن انہی کا دشمن بن جاتا ہے،وہ فارغ رہ کر سوچتے ہیں کہ کوئی ان کو نشانہ بنا سکتا ہے۔انھوں نے دعوی کیا کہ گذشتہ پی ایس ایل میں کئی کرکٹرز کو پاکستان میں میچ کھیلنے کے لیے اضافی رقم دی گئی،اس فیصلے پر میں نے سخت برہمی کا اظہار کیا، میرا کہنا تھا کہ کیا ان کھلاڑیوں کی زندگیاں ہم سے زیادہ قیمتی ہیں، حیرت کی بات ہے کہ کئی کرکٹرز سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان جانے سے انکاری تھے لیکن اضافی معاوضہ ملنے پر کھیلنے کو تیار ہوگئے،اس سوچ پر میں تذبذب کا شکار ہوں، کیا پیسہ سکیورٹی سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔