ڈھاکہ( آن لائن )بنگلہ دیش پریمیر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 11 دسمبر سے شروع ہوگا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ طرز کی ٹی۔ 20 لیگ کا انعقاد کرے گا۔ واضح رہے کہ فرنچائزز کے ساتھ آمدن میں حصوںکا تنازعہ حل نہ ہونے کے باعث بی بی ایل کا آغاز طے شدہ شیڈول سے 5 دن تاخیر سے ہو گا۔ ٹی ٹونٹی لیگ کو بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمن سے موسوم کیا گیا ہے ۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے بتایا کہ ہم 8 دسمبر کو بی پی ایل کا آغاز افتتاحی تقریب سے کریں گے۔یہ ہمارے لئے بہت بڑی کامیابی ہے کہ
اس پروگرام کا افتتاح وزیر اعظم خود کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پلیئرز ڈرافٹنگ 17 نومبر کو ہوچکی ہے۔ انہوں نے سات میں سے پانچ ٹیموں کے سپانسرزکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بقیہ دو ٹیموں کو بی سی بی خود سپانسر کرے گا۔ لیگ میں 7 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ ازمائی کرینگی جن کے درمیان 46 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں چٹاگانگ ویکنگز، کومیلا وکٹورینز، ڈھاکہ ڈائنامیٹس، کھلنا ٹائٹنز، راجشاہی کنگز، رنگپور رائیڈرز اور سلہٹ سکسرز شامل ہیں۔ کومیلا وکٹورینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔