لاہور(این این آئی)سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو نوجوان قیادت کی ضرورت تھی،پی سی بی نے بابر اعظم کو کپتان بنانے کا بہادرانہ فیصلہ کیا۔ایک انٹرویومیں رمیز راجہ نے کہا کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں،اگر اچھی کارکردگی دکھائی تو آگے چل کرٹیسٹ ٹیم کے بھی کپتان بن سکتے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان یواے ای میں ہوم سیریز کے میچز ہار رہا تھا۔
ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی نہ حاصل کرسکا،ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا کی ’’بی‘‘ ٹیم کے ہاتھوں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔انھوں نے کہا کہ ذاتی کارکردگی اچھی نہ ہونے کے وجہ سے اظہر علی سخت دباؤ میں ہوں گے،وہ دورہ جنوبی افریقہ میں شارٹ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے مشکلات کا شکار نظر آئے، آسٹریلیا میں اسی طرح کے حالات ہونگے،اگلی ٹیسٹ سیریز میں انھیں سخت محنت کرنا ہوگی۔