اسلام آباد/فیصل آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام قومی ٹی 20 کپ (آج) اتوار سے اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں شروع ہوگا، ابتدائی روز دو میچ کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ، دوسرا میچ سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں نادرن، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا کی قیادت محمد رضوان، بلوچستان کی قیادت حارث سہیل، سندھ کی قیادت سرفراز احمد، سنٹرل پنجاب کی قیادت بابر اعظم، نادرن کی قیادت عماد وسیم اور سدرن پنجاب کی قیادت شان مسعود کریں گی۔ ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اور چار بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میچز 23 اکتوبر کو ہوں گے، ٹورنامنٹ کا فائنل 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ اور رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی۔