اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے تعاون سے شہداء پاکستان اور یکجہتی کشمیر آل پاکستان کبڈی ٹورنامنٹ (کل) ہفتہ سے ظفر علی سٹیڈیم ساہیوال میں شروع ہوگا۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں، ٹورنامنٹ میں چار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں فیصل آباد، ملتان، لاہور اور ساہیوال شامل ہیں، ان ٹیموں میں بین الااقومی اور قومی کھلاڑی شامل ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائینگے۔ رانا محمد سرور نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان پر جانین قربان کرنے والے شہدائے پاکستان کو نذرانہ پیش کرنے اور یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان آل پاکستان کبڈی ٹورنامنٹ منعقد کیا جا رہا ہے۔ کبڈی ٹورنامنٹ کروانے کا مقصد کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور وطن عزیز پاکستان پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔