نئی دہلی(آن لائن )بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر جسپریت بمرا فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے، انجری کے باعث وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے، ان کی جگہ اومیش یادیو کو بھارتی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ بھارت کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ کے مطابق بمرا کمر کی انجری کا شکار ہیں جو سنجیدہ نوعیت کی ہے اور انکو بحالی صحت کے عمل سے گزرنا ہوگا جسکی وجہ سے وہ پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے ۔جنوبی افریقن ٹیم بھارت کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں تین
ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ 2 سے6 اکتوبر تک ویشاکاپٹنم میں کھیلا جائے گا۔ جسپریت بمرا کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد فٹنس مسائل سے چھٹکار حاصل کر کے دوبارہ ٹیم میں شامل ہونگے۔ واضح رہے کہ جسپریت بمرا نے 12 ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے اور 19.24 کی اوسط سے 62 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر اس کے خلاف ایک میچ میں 27 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جو انکے ٹیسٹ کیریئر کی بیسٹ بائولنگ ہے ۔